بین الاقوامی

کابل میں مسجد پرخودکش حملہ، 27 افراد ہلاک

baqar

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شیعہ مسلک کی مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کابل کی باقرالعلوم مسجد میں خودکش دھماکے کے وقت مسجد میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور پیدل تھا اور اس نے مسجد کے اندر عبادت گزاروں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔
گذشتہ ماہ بھی کابل میں ایک مزار پر مسلح حملے میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ کابل میں حملے کے وقت شیعہ عزادار یوم عاشور کے لیے سخی مزار زیارت پر جمع تھے۔
پیر کو بھی شیعہ مسلک کی مسجد پر خودکش حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب دنیا بھر میں شیعہ حضرت حسین علیہ سلام کا چہلم منا رہے ہیں۔ اس دن مسلم دنیا کے اکثر ممالک میں لاکھوں کی تعداد میں غم گسار، ساتویں صدی میں امام حسین اور ان کے اقرباء کی شہادت کے 40 دن پورے ہونے پر عزاداری کرتے ہیں۔