تازہ ترین قومی

جنید جمشید کی نمازِ جنازہ کراچی میں اداکی گئی

jj

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان کے نامور مذہبی سکالر، نعت خواں اور سابق گلوکار جنید جمشید کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کر دی گئی۔
جنید جمشید حال ہی میں چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے اور ان کی میت ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی تھی۔
جنید جمشید کی میت بدھ کی شب ایئرفورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچائی گئی جہاں جمعرات کی صبح ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تبیلغی جماعت کے مولانا طارق جمیل نے ان کی نمازِجنازہ پڑھائی اور اس سے پہلے ایک طویل خطبہ دیا جو کئی ٹی وی چینلز پر لائیو نشر کیا گیا۔
جمعرات کی دوپہر جنید جمشید کی میت شفا ہسپتال سے نیوی اہلکاروں کے ایسکارٹ کے ساتھ ڈیفینس میں واقع اے کے ڈی گراؤنڈ پہنچائی گئی۔
جنید جمشید کی نمازِ جنازہ میں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار اور عمران اسماعیل کے علاوہ تحریک انصاف، جماعت اسلامی، پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں، سابق کرکٹر انضمام الحق اور فنکاروں سمیت ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جنید جمشید کی میت دارالعلوم کورنگی منتقل کی گئی جہاں ان کی وصیت کے مطابق تدفین کر دی گئی ہے۔