تازہ ترین قومی

بھارت سےمزاکرات کرنا ہماری کمزوری نہیں: عبدالباسط

basit

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک): نئی دہلی میں پاکستانی کے ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے لیے انڈیا آرہے ہیں تاہم اس دوران دو طرفہ ملاقات طے نہیں ہے۔
نئی دہلی میں برطانوی نشریاتی ادارے کےساتھ فیس بک لائیو میں بات چیت کرتے ہوئے عبدالباسط کا کہنا تھا کہ پاکستان انڈیا کے ساتھ غیرمشروط مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
عبدالباسط کا کہناتھا کہ ’ہم نے جنگیں کر کے دیکھ لیا اب اگر مسائل کا حل چاہیے تو مذاکرات کرنا ہوں گے۔ ہم بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو یہ ہماری طاقت ہے کمزوری نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نےگذشتہ دہائیوں میں بہت سے ایسےطریقی کار وضع کیے ہیں تاکہ تمام مسائل پر بات چیت ہو۔ ہماری بنیادی شرط یہ ہے کہ مذاکرات وسعی البنیاد ہونے چاہیے اور تمام معاملات پر بات چیت ہونی چاہیے اورجو بھی مذاکرات ہوں وہ کسی نتجے پر پہنچیں، نتیجہ خیز مذاکرات ہوں۔
خیال رہے کہ انڈین وزیر خارجہ سشما سوراج نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان معطل ہونے والے امن مذکرات کے حوالے سے کہا تھا کہ ‘بات چیت اور دہشت گردی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔’
اس حوالے سے عبدالباسط کا کہنا تھا کہ اس قسم کی شرائط پاکستان کی جانب سے بھی عائد کی جاسکتی ہیں کہ ‘پاکستان میں دہشت گردی جاری ہے انڈیا کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ جو بھی مشکل یا مسئلہ ہے خلاء میں طے نہیں ہوسکتا۔ مسائل مذاکرات کی میز پر ہی طے ہوسکتے ہیں۔’
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے جموں اور کشمیر کی صورتحال، سیاچن سے فوجیں ہٹانے جیسی شرائط لگائی جاسکتی ہیں لیکن تمام مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
عبدالباسط نے ایک سوال کے جواب میں‌کہا کہ باہمی مذاکرات جنوبی ایشیا اور پوری دنیا کی ضرورت ہیں، اس کے لیے ہم نے پہلے بھی انتظار کیا تھا اب بھی کریں گے۔ مسائل کا حل تلاش کرنا ہے تو مذاکرات ضروری ہیں۔
عبدالباسط نے حافط محمد سعید اور مولانا اظہر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں ایک عدالتی نظام موجود ہے اور ممبئی حملے اور دیگر کارروائیوں کے حوالے سے مقدمات عدالتوں میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ثبوت ہے تو ہمارے ساتھ شیئر کیا جائے ہم کارروائی کرنے کے لیے تیار کریں، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں تو کیس ہوسکتے ہیں اگر نہیں ہے تو الزام برائے الزام ہی ہوگا۔
پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ریاست کی پالیسی ہمیشہ یہ رہی ہے کہ انڈیا کے ساتھ تعلقات کو بہتر ہونے چاہییں۔ پاکستان نہیں چاہتا تھا کہ ایل او سی پر کشیدگی ہو۔ مغربی سرحد پر بھی کشیدگی ہے۔ اس لیے نیا محاذ نہیں کھولنا چاہتے۔
انڈیا پاکستان تعلقات اور مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے آخر میں انھوں نے یہ شعر سنایا۔
کچھ فیصلہ تو ہو کہ کدھر جانا چاہیے
پانی کو اب تو سر سے گزر جانا چاہیے